بجٹ: عوام کو ریلیف دیا جائے، یوسف گیلانی: مہنگائی میں کمی غیر متزلزل حکومتی اقدامات کا ثمر، وزیر خزانہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے عوام دوست بجٹ کی تیاری پر قائم مقام صدر کو بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی میں واضح کمی حکومت کے مسلسل اور غیر متزلزل اقدامات کا ثمر ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔ محصولات بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ بجٹ میں زراعت کے شعبے کو سہارا دینے کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کسان دوست بجٹ لایا جائے تاکہ زراعت کا شعبہ ترقی کرے۔ زرعی شعبہ خصوصی توجہ کا حامل ہے۔ دیرپا اقدامات ضروری ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سٹیل کی صنعت کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مقامی صنعتوں کے فروغ کیلئے تعاون کی فراہمی میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز، پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن اور پاکستان سٹیل پائپ لائنز کے ایسوسی ایشن نمائندوں سے ملاقات میں کہی۔