300 سپیشل ایجوکیشن سکولز کو سنٹر آف ایکسلینس بنائیں گے: مریم نواز
لاہور؍ شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ+ سلطان حمید راہی+ ڈاکٹر جمیل اختر+ سیف الرحمن سیفی) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر کے 300سپیشل ایجوکیشن سکولز کو سنٹر آف ایکسی لنس بنانے کا اعلان کیا ہے۔ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں ہیئرنگ ایڈ کی فراہمی اور انرولمنمٹ مہم کے آغاز کیلئے سپیشل ایجوکیشن کی تقریب میں شرکت کی اور اپنی نشست چھوڑ کر سپیشل بچوں کے درمیان بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے سپیشل بچی کو گود میں اٹھا لیا۔ یونیسف اور جی پی ای کے تعاون سے ہیئرنگ ایڈ کے لئے قائم سٹال کا دودہ کیا۔ مریم نواز شریف نے قوت سماعت سے محروم بچوں کے طبی ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشل بچوں کی دستکاریوں اور پینٹنگ کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو سرگودھا سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ نے پینٹنگ اور سکیچ پیش کیا۔ آئوٹ آف سکول سپیشل بچوں کی انرولمنٹ مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ مریم نواز شریف نے مہوش ممتاز محمد حماد غلام فرید فرمان علی ام ایمن کو آلہ سماعت دیئے۔ مریم نوازشریف نے تقریر سے قبل سپیشل بچوں کو سٹیج پر بلا کر بٹھایا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ پیارے بچے، سب کے سب ہیروز ہیں میرے۔ ہیئرنگ ایڈ دینے پر یونیسف، جی پی ای اور سپیشل ایجوکیشن کا شکریہ ادا کرتی اور شاباش دیتی ہوں۔ سپیشل بچوں کو ہیروز اس لیے کہا ہے کہ سب ہونے کے بعد کچھ کر لینا آسان ہے، لیکن یہ ہیرو مشکلات کے ساتھ کمال کرتے ہیں۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ 300سپیشل ایجوکیشن سکولز کو سنٹر آف ایکسی لینس بنائیں گے۔ عالمی معیار کی ہر سہولت ہوگی۔ آٹزم کے لیے سپیشل ادارہ بنائیں گے۔ آج آلہ سماعت دے رہے ہیں جس کو ویل چیئر چاہیے مجھے لکھیں، فوراً ملے گی۔ جلد ایک وہیل چیئر فراہمی کا پراجیکٹ لانچ کر رہی ہوں۔ بچوں کو ہیرنگ ایڈ اور عینک فراہم کی جائے تو بچے سپیشل سکول سے نکل کر عام سکول میں آ جائیں گے۔ آج جو پیار ان بچوں سے ملا زندگی بھر کے لیے مقروض ہو گئی۔ بچوں سے مل کر سپیشل بچوں کی خدمت کا ارادہ سو سے ہزار فیصد بڑھ گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بچے نے اشارے سے نواز شریف کے بارے میں پوچھا ہے، اس بچے کا پیغام پہنچاؤں گی۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے قائد اعظم بزنس پارک میں گارمنٹس سٹی پلگ اینڈ پلے بنانے کا اصولی فیصلہ اور بزنس پارک کی رابطہ سڑک ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے شیخوپورہ قائداعظم بزنس پارک کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ گارمنٹس سٹی بننے سے ایک لاکھ روزگار اور وویمن ایمپاورمنٹ میں مدد ملے گی۔ پنجاب میں مثالی اور بہترین گارمنٹس سٹی قائم کررہے ہیں۔ اس موقع پر لیبر کالونی اور ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے امن و امان کے ایشوز کو حل کرنے کے لئے فوری طور پر آرپی او شیخوپورہ کو طلب کیا اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے شیخو پورہ میں امن وامان کی بہتری کیلئے 10دن کی مہلت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایکسپورٹ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے بزنس کیمونٹی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ ایکسپورٹ میں اضافے کے رحجان پر پیشرفت تسلی بخش ہے۔ پنجاب کی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی موجودگی میں محکمہ زراعت اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو پنجاب خوشحال ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات فراہم کرنے کے لیے کسان کارڈ استعمال ہوگا۔ کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ سبسڈی بھی دی جائے گی۔ بینک آف پنجاب کسان کارڈ پروگرام کا نفاذ کرنے والا پہلاپارٹنر ہوگا۔