نرسنگ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی :سلمان رفیق ،بچوں کو ڈینگی سے بچائیں: عمران نذیر
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں ورلڈ نرسز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی نرسنگ پنجاب اور صوبہ بھر سے نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آج کا دن نرسوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہے۔ نرسنگ شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ تمام نرسنگ کالجز کی ری ویمپنگ انتہائی خوش آئند ہے۔ صحت کارڈ کی حد کو 10 لاکھ روپے سے بڑھا رہے ہیں۔دریں اثناء شہریوں کو اپنے بچوں کو ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ محکمہ صحت کو اب کام کرنا نہیں شہریوں سے کام کروانا ہوگا۔ خواجہ عمران نذیر نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ڈینگی ایس او پیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈاکٹر زرفشاں طاہر، ڈاکٹر یداللہ ، پروفیسر وسیم اکرم اور اینٹمالوجسٹس نے شرکت کی۔ صوبائی وزرا نے صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس کی موجودہ صورتحال، تدارک کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈین آئی پی ایچ دیگر افسران نے صوبائی وزرا صحت کو ڈینگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ 347 ارب روپے ہر سال تمباکو نوشی میں پھونک دینا معاشرے کے ساتھ ظلم ہے۔ یہ پیسے بچاکر اگر تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں خرچ کئے جائیں تو کتنے تعلیمی ادارے، ہسپتال قائم کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال World No Tobacco کی تھیم نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے بچانا ہے۔