بہادر افسروں ‘ جوانوں کی بے مثال خدمات کا نعم البدل کوئی چیز نہیں:آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ فرض کی راہ میں بازو، ٹانگ اور دیگر اعضا کی قربانی دینے والے بہادر غازی محکمہ پولیس کے ہیروز ہیں، ان بہادر افسران و جوانوں کی بے مثال خدمات کا نعم البدل کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محکمہ پولیس اپنے ان بہادر بیٹوں کے بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ تمام غازیوں کے نام سنٹرل پولیس آفس کی غازی وال پر کندہ کئے گئے ہیں، غازی پیکیج کی سہولیات دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پولیس غازیوں کو سلور ایوارڈز دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس فورس کے بہادر غازیوں کی بے مثال خدمات کر سراہتے ہوئے انکی آئی جی پی غازی میڈلز سے حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبل سے اے ایس آئی رینک کے افسران و جوانوں نے ہائی پروفائل آپریشنز کامیابی سے سر انجام دے کر فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔ تقریب میں غازی افسران و اہلکاروں نے خصوصی طور پر شرکت کی، آئی جی پنجاب نے فیملیز کا بھی شکریہ ادا کیا۔