خیبر پی کے: بجٹ منظور، تنخواہوں میں اضافہ وفاقی ادائیگی واجبات سے مشروط
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ فنانس بل میں صحت کارڈ، وکلاء اور شادی ہالز پر عائد کیے جانے والے ٹیکسوں میں ترمیم کو ایوان نے مسترد کر دیا۔ پراپرٹی ٹیکس میں ترمیم کر دی گئی جس کے تحت پراپرٹی ٹیکس سے استثنی 4،9 سے بڑھا کر 4،99 کر دیا گیا ہے۔ اپوزیشن رکن ثوبیہ شاہد کی جانب سے ترمیم 5 مرلے تک کے لیے پیش کی گئی تھی۔ اپوزیشن ارکان نے مطالبات زر پر کٹوتی کی تحاریک واپس لے لیں اور مطالبات زر کی منظوری دی۔ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاقی واجبات سے مشروط کر دیا۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ کرنے پر صوبائی حکومت بھی یکساں اضافہ کرے گی تاہم یہ اضافہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے پورے ٹیکس واجبات کی ادائیگی سے مشروط ہو گا جو اس سال دسمبر 2024ء میں یکم جولائی سے یکمشت ادا کیا جائے گا۔