سٹیل مل بند ہوگی نہ نجکاری کریں گے، اسے چلایا جائے گا: شرجیل میمن
لاہور (نیٹ نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سٹیل مل کو بند کریں گے اور نہ نجکاری کریں گے، سٹیل مل کو چلایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں کام کر رہا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے سالانہ 30 ارب خرچ کر رہے ہیں، کوئی بھی گھر کے باہر کچرا پھینکے گا اسے گرفتار کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ بھر سے کچرا فوری بنیادوں پر اٹھایا جارہا ہے، جو بلڈر بھی گھر مسمار کرتا ہے وہ ملبہ سڑکوں پر پھینک دیتا ہے، اب جو ملبہ سڑکوں پر پھینکے گا اسے گرفتار کیا جائے گا، ایس ایچ او بھی نظر رکھیں کوئی بھی سڑک پر ملبہ پھینک رہا ہو اسے گرفتار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کل 48 محکمے ہیں جن میں سے 16 محکموں کو ڈیجیٹلائز کرنے جارہے ہیں۔ سٹیل مل کو نہ بند کریں گے اور نہ نجکاری کریں گے، سٹیل مل کو چلایا جائے گا۔ سٹیل مل کو اپنے قدموں پر اٹھائیں گے۔