• news

سرگودھا سانحہ، 35 ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، 18   رہا 

سرگودھا (نمائندہ خصوصی) سرگودھا شہر کے علاقہ مجاہد کالونی میں سانحہ پر ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ پر درج مقدمہ میں ملوث 35 گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوا دیا جہاں ان کی شناخت پریڈ کروائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر کے علاقہ مجاہد کالونی میں  بے حرمتی کے سانحہ پر مشتعل افراد کی طرف سے شدید احتجاج، ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ پر تھانہ اربن ایریا میں درج مقدمہ میں گرفتار 35 ملزمان کو پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا۔ جن کو فاضل عدالت نے شناخت پریڈ کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل بجھوا دیا۔ جبکہ ضلعی امن کمیٹی کی کاوشوں سے سانحہ مجاہد کالونی کے 18 بے گناہ افراد کو رہا کر دیا گیا، رہائی پانے والوں میں محمد وقار، عبداللہ، حبیب الرحمن، محمد اشرف، شرجیل، منظور الٰہی، محمود اللہ، حسنین صدیق، محمد وقار، محمد عدنان، ارشد محمود، محمد معظم، شاہد اقبال، محمد طیب، محمد شاہزیب، محمد امتیاز، خرم شہزاد اور محمد عظیم کو رہا کر دیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی نے سرگودھا پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں  مجاہد کالونی سانحہ پر مظاہرین کے خلاف درج مقدمہ میں پولیس کی پکڑ دھکڑ مہم میں لوگوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل رہا ہے جس پر ممبران ضلعی امن کمیٹی نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقوعہ کے ذمہ دارکو قرار واقعی سزا دلوائی جائے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی میں پولیس کسی بے گناہ کو ملوث نہ کرے۔ انہوں نے ڈی پی او کو دی گئی تحریری درخواست میں کہا کہ وقوعہ میں انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کے باوجود گھروں میں دھاوا بول کر پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن