بھارت انتشار پیدا کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے: عبدالخبیر آزاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیب مقصود کائنات امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کو ساری کائنات انسانیت اور سارے جہانوں کیلئے رحمۃ للعالمین اور خاتم النبیینؐ بنا کر مبعوث فرمایا۔ عقیدہ ختم نبوت وناموس رسالتؐ کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ لاکھوں فرزندان توحید کے قافلے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچ گئے ہیں۔ حج کی ادائیگی اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا عظیم ذریعہ ہے۔ رجوع الی اللہ ہی تمام مشکلات اور مسائل کا حل ہے۔ سانحہ مجاہد کالونی سرگودھا میں قیام امن کیلئے انتظامیہ، پولیس، علماء کرام اور مسیحی راہنماؤں نے جو عظیم کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے، پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں، ملک دشمن طاقتیں خصوصاََ بھارت پاکستان میں انتشار و عدم استحکام پیدا کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہچانا چاہتی ہے۔ ہم متحد ہو کر دشمن کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ علماء کرام و مشائخ عظام، آئمہ مساجد منبر ومحراب سے احترام انسانیت اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے اپنا عظیم کردار ادا کریں۔ ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔