ایم کیو ایم رہنماؤں کی ملاقات، امید ہے بجٹ تجاویز پر عمل ہوگا: گورنر سندھ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ امید ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کی تجاویز پر عمل ہوگا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سینئر قیادت کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہتا ہوں، ملاقات کا مقصد ایم کیوایم کے اراکین سے بجٹ تجاویز لینا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی مسائل خصوصاً کراچی سے متعلق بات ہوئی، ایم کیوایم ارکان اسمبلی نے بجٹ سے متعلق تجاویز تیار کی ہیں، لوڈشیڈنگ کے تدارک اور گیس کے مسائل پر بھی بات ہوئی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا گورنر ہاؤس پورے ملک کی نمائندگی کرتا ہے، کراچی حیدرآباد سکھر اور میرپور خاص ہی نہیں بلکہ جامشورو اور لاڑکانو کی بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کل اسلام آباد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وزیر اعظم شہباز شریف سے بات کی۔ بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے بڑے وڈیروں، جاگردراوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہیے۔ بجلی کے فقدان سے ہماری صنعتیں ویران ہوگئیں، متبادل توانائی سے متعلق سوچنا ہے۔ 4000 ارب روپے کے شہر میں بھی ٹرین اب چلنی چاہیے، شہر میں کسی نئی سرکاری جامعہ کا اضافہ اب تک نہیں ہوا۔ 3 کروڑ 30 لاکھ آبادی ہے تو ایک یونیورسٹی تو کم سے کم اور بننی چاہیے۔