• news

سٹاک مارکیٹ تیز‘ سونا تولہ 500 روپے مہنگا 

کراچی (کامرس رپورٹر+ آئی این پی) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے ساتھ مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈکیا گیا۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 500روپے کے اضافے سے 241700روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 429روپے کے اضافے سے 207219 روپے کی سطح پر آگئی۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز ریکارڈ تیزی رہی ، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس نے جمعہ کو کاروبار کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ کیا جو اختتام تک جاری رہا، انٹرا ڈے تک 75,953.74 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,000.35 پوائنٹس یا 1.34 فیصد اضافے کے ساتھ 75,878.48 پر بند ہوا۔ کاروباری تیزی کے سبب سرمایہ کاری 103 ارب روپے بڑھ کر 10169 ارب روپے ہوگئی۔ ادھر کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کی کمی دیکھی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک  کے مطابق کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 30 پیسے پرآگیا، گزشتہ روزکاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالرکی قیمت میں مزید 10 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن