• news

شدید گرمی، سبی میں پارہ 49 ریکارڈ، شمالی بھارت میں ہلاکتیں 42 

کوئٹہ+ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی گرمی کی لہر برقرار ہے۔ ماہ مئی میں ملک بھر میں گرمی کے کئی دہائی پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ آج کوئٹہ میں درج حرات 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم سب سے زیادہ گرمی سبی میں رہی جہاں پارہ 49 ڈگری تک پہنچ گیا۔ اسی طرح چاغی، دالبندین، تفتان میں بھی شدید ترین گرمی رہی، لو چلنے کے سبب درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں بھی گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ آج پارہ 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ شدید گرمی سے شمالی بھارت کے بیشتر علاقوں کے باشندے انتہائی پریشانی سے دوچار ہیں۔ 42افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ زیادہ ہلاکتیں بہار میں ہوئی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجری وال دہلی کے وزیرِ اعلی ہیں۔ مودی سرکار انہیں کرپشن کے ایک کیس میں پھنسانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔کیجری وال آج کل ضمانت پر ہیں۔ دہلی کی حکومت کو ناکام بنانے کے لیے شدید گرمی میں پانی کی فراہمی روکی جارہی ہے۔  دہلی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ گرمی کے باعث ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ سے پانی کی فراہمی کا نظام پہلے ہی متاثر ہوچکا ہے۔ دہلی کی حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے استدعا کی ہے کہ دہلی میں قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے۔ لوگ ہیٹ ویو سے بے حال ہیں۔ ایسے میں پانی کا بحران وبائوں کو بھی جنم دے سکتا ہے اس لیے ایک ماہ تک اتر پردیش، ہماچل پردیش اور ہریانہ کو اضافی پانی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔ دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجری وال نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں سے کہا ہے کہ وہ سیاسی اختلافات ایک طرف ہٹاکر صرف عوام کی بہبود کے بارے میں سوچیں۔ بھارتی ریاست بہار کے ضلع اورنگ آباد میں جمعرات کی شام محض دو گھنٹوں کے دوران گرمی کی وجہ سے 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ اورنگ آباد میں 48.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور یہ ریاست بہار میں سب سے گرم مقام رہا۔ حکومت نے بدھ کو ریاست کے تمام نجی اور سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ کوچنگ سینٹرز بھی 8جون تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بہار حکومت نے یہ فیصلہ گرمی کی وجہ سے درجنوں طلبہ کے بیہوش ہونے کے بعد لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن