یمن میں امریکی، برطانوی طیاروں کے حوثیوں پر حملے، 16 افراد جاں بحق، 35 زخمی
صنعا (نوائے وقت رپورٹ) یمن کے صوبے الحدیدہ پر امریکی اور برطانوی حملوں میں 16 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں حوثیوں کے ٹیلی ویژن المسیرۃ نے دعویٰ کیا کہ برطانوی اور امریکی افواج کے جیٹ طیاروں نے الحدیدہ کے الحکوک ضلع اور الصلیف کی بندرگاہ پر حملے کیے۔ امریکی اور برطانوی افواج کے ترجمانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں غیر ملکی بحری جہازوں کو یرغمال بنانے اور ان کے راستوں میں خلل ڈالنے کی کوششوں پر بالترتیب حوثیوں کے 13 اور 3 اہداف کو نشانہ بنایا۔ حوثیوں کے مراکز پر حملے میں برطانیہ کی رائل ایئرفورس کے ٹائیفون ایف گی آر اور امریکی فضائیہ کے FA-18 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا جنہوں نے سمندر پر طیارہ بردار بحری جہاز سے اڑان بھری تھی۔ امریکی اور برطانوی افواج نے یہ کارروائی اس واقعے کے محض ایک روز بعد کی ہے جس میں حوثیوں نے ایک امریکی ساختہ ڈرون کو مار گرایا تھا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ دریں اثناء یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس آئزن ہاور پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کی جانب سے گزشتہ روز یمن پر فضائی حملوں کے جواب میں آج امریکی طیارہ بردار جہاز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔