• news

مخصوص نشستیں، بنچ میںچیف جسٹس کی شمولیت پر اعتراض نہیں کیا، تمام ججز پر اعتماد، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے شاہ فیصل اتمان خیل نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق بنچ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی شمولیت پر اعتراض سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے کے آفس میں اجلاس ہوا جس میں خیبر پی کے حکومت نے مخصوص نشستوں سے متعلق بینچ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی شمولیت پر اعتراض اٹھایا گیا اور بینچ میں چیف جسٹس کی شمولیت پر اعتراض سے متعلق منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کو خط بھی لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بھی کیس چیف جسٹس نہ سنیں۔ تاہم ایڈووکیٹ جنرل کے پی شاہ فیصل اتمان خیل نے چیف جسٹس کی بینچ میں شمولیت پر اعتراض سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنچ پر اعتراضات سے متعلق کے پی حکومت نے کوئی ہدایات نہیں دیں، بطور ایڈووکیٹ جنرل تمام ججز پر اعتماد ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کی بینچ میں شمولیت پر اعتراض سے متعلق ایڈووکیٹ جنرل کے پی آفس میں اجلاس نہیں ہوا۔ شاہ فیصل اتمان خیل نے کہا کہ اس بارے میں وزیراعلیٰ کے پی کو خط لکھنے کی خبر بھی من گھڑت ہے، عدلیہ اور پی ٹی آئی کے درمیان کشیدگی پیدا کرنے کیلیے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور مخصوص نشستوں سے متعلق کیس خراب کرنے کیلیے جھوٹی خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ ہمیں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے تمام ججز پر پورا اعتماد ہے۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کا 13 رکنی فل کورٹ تشکیل دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن