غزہ، 60 فلسطینی شہید، جبالیہ کیمپ سے 20 بچوں سمیت 70 نعشیں برآمد، مظاہرے جاری
غزہ+ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) غزہ میں اسرائیلی بمباری سے80 فیصد سے زیادہ سکول اور تمام یونیورسٹیاں تباہ ہو گئیں۔17 جنوری کو اسرائیلی بمباری سے غزہ میں بچنے والی آخری یونیورسٹی بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی جبکہ صیہونی بمباری میں غزہ کے80 فیصد سے زائد سکول تباہ ہو گئے۔ دوسری جانب اسرائیل نے غزہ پربمباری کر کے مزید60 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں ملبے سے 20 بچوں سمیت70 افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ادھر رفح میں اسرائیلی فوج کے پے درپے حملوں سے کوئی علاقہ بھی محفوظ نہیں رہا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح کے گنجان آباد علاقوں میں حملے تیز کر دئیے ہیں اور اسی دوران پیش قدمی کرتے ہوئے ٹینک رہائشی عمارتوں پر گولہ باری کرتے رہے۔ اُردن نے11 جون کو غزہ جنگ پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ جنوبی لبنان میں اسلامک ہیلتھ اتھارٹی کی ایمبولینس پر اسرائیلی حملے میں ایک طبی کارکن شہید ہو گیا۔ جواب میں حزب اللہ نے کائیو شاراکٹ داغ دیئے۔ بھارت میں اپوزیشن جماعت کمیونسٹ نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مظاہرین نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا اور رفح پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔ مظاہرین نے مودی حکومت سے اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ نیویارک میں پولیس فلسطین کے حامی مظاہرین پر پل پڑی۔ خواتین کو گھونسے مارے اور ہتھکڑیاں لگا دیں۔ فرانس میں شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ آسٹریا میں وزیر خارجہ کی تقریر کے دوران احتجاج کر کے دنیا کی توجہ اسرائیلی جارحیت کی طرف مبذول کرائی۔ سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں اسرائیل اور سکاٹ لینڈ کے فٹبال میچ میں سٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ نیویارک میں مظاہرین نے بروکلین میوزیم پر دھاوا بول دیا۔