ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری آئی جی آفس کے قریب، دوسرا گوجرانوالہ میں قتل، مقابلوں میں 5 ڈاکو ہلاک
لاہور؍گوجرانوالہ؍ حافظ آباد؍کراچی (نامہ نگار+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ) ڈاکوؤں اور چوروں نے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ آئی جی پنجاب کے دفتر کے قریب ڈاکوؤں نے شہری کو قتل اور ایک بچے کو شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 36سالہ عابد اپنے بھائیوں کے ساتھ پرانی انار کلی شاپنگ کرنے جا رہا تھا کہ آئی جی آفس(سنٹرل پولیس آفس پنجاب)کے قریب موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کی۔ اس دواران عابد نے ایک ڈاکوکو پکڑنے کی کوشش کی۔ جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں عابد موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر بلال نامی راہگیر بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس کے علاقے میں وقار کے گھر میں گھس کر 5 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شادمان کے علاقے میں عمر اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی و طلائی زیورات، قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں کامران اور اس کی فیملی سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور موبائل فون، ٹاؤن شپ میں ساحل سے ایک لاکھ 60 ہزار روپے اور موبائل فون، سندر میں اشفاق سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، مزنگ میں خضر سے 65 ہزار روپے اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن میں ناظم سے 58 ہزار روپے اور موبائل فون، مغلپورہ کے علاقے میں نصیر سے 46ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس، مانگا منڈی، گڑھی شاہو اور غازی آباد کے علاقوں علاقوں میں سے 4کاریں جبکہ نیو انارکلی، رنگ محل، مزنگ، لوئر مال، مسلم ٹاؤن ، کاہنہ اور مناواں کے علاقوں میں سے7 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں ہیں۔ دریں اثناء دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ڈاکو مارے گئے۔ پولیس مقابلے مسلم ٹاؤن اور کاہنہ کے علاقے میں ہوئے۔ چاروں ڈاکو ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ مسلم ٹاؤن میں ہلاک ہونے والے ملزموں کی شناخت عبدالقادر اور شہزادہ کاشف کے نام سے ہوئی۔ ملزموں نے چند روز قبل اقبال ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران ایک پروفیسرکو قتل کیا تھا۔ پروفیسر فاروق اعظم نے اگلے روز حج کے لیے روانہ ہونا تھا، کاہنہ میں بھی مبینہ مقابلے میں 2 ملزم ہلاک ہو گئے۔ باٹا پور کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں زیر حراست ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس ٹیم زیر حراست ریکارڈ یافتہ ملزم رافع عرف لمبا کو اسلحہ ریکوری کے لئے لے جا رہی تھی کہ اس دوران ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی جس سے ملزم رافع لمبا ہلاک ہو گیا۔ جنوبی چھاؤنی پولیس نے رنگ روڈ کے قریب سروس روڈ پر 2 ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔ جنہیں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ جن کی عمران اور قیصر نام سے شناخت ہوئی۔گوجرانوالہ کے تھانہ جناح روڈ کے علاقہ میں ٹافیوں کے گودام میں وسیم بٹ اور اس کا ملازم اشفاق کام میں مصروف تھے کہ دو ڈاکو داخل ہوئے اور لوٹ مار کی کوشش کی مگر گودام مالک اور ورکر نے ایک ڈاکو کو قابو کر لیا، جس پر دو سرے ڈاکو نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وسیم، اشفاق اور نامعلوم ڈاکو زخمی ہو گئے، جبکہ شہریوں نے فائرنگ کرنے والے ڈاکو کو قابو کر لیا۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر گودام مالک اور ڈاکو دم توڑ گئے۔ علاوہ ازیں بدنام زمانہ ڈاکو امجد علی عرف دھماکہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گیا۔ تھانہ کالیکی منڈی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ڈاکو امجد علی عرف دھماکہ ڈیرہ سبطین شاہ پر موجود ہے۔ اشتہاری امجد علی عرف دھماکہ اٹک، چکوال، راولپنڈی، فیصل آباد، گولڑہ شریف اور ضلع حافظ آباد میں پچاس سے زیادہ مقدمات میں اشتہاری اور مطلوب تھا۔ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔