• news

ویتنام کے سفیر کی لاپتہ اہلیہ کو چند گھنٹوں بعد ہی تلاش کر لیا گیا

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ویتنام کے سفیر کی گزشتہ کئی گھنٹوں سے لاپتا اہلیہ پولیس نے تلاش کر کے ان کے شوہر کے ہمراہ گھر روانہ کر دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کی پولیس کو جلد ان کی تلاش یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ویتنامی سفیر کی اہلیہ موبائل فون اور اپنا پرس گھر پر چھوڑ کر 11 بجے باہر گئی تھیں۔ سفیر کی اہلیہ کے گزشتہ کئی گھنٹوں سے لاپتا رہنے کے بعد ان کے اہل خانہ نے اسلام آباد پولیس سے رابطہ تھا جس کے بعد سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سٹی دیگر اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے تھے۔ وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے اہل خانہ کی شکایت پر سیف سٹی کیمروں سمیت دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے خاتون کی تلاش شروع کر دی تھی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویت نام کے سفیر کی اہلیہ کے لاپتا ہونے کے واقعہ کا نوٹس ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سے رابطہ کرتے ہوئے ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی تھی۔ محسن نقوی نے ہدایت کہ اسلام آباد پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سفیر کی اہلیہ کی جلد تلاش یقینی بنائے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس واقعہ کے بارے میں آئی جی پولیس اسلام آباد سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ویتنام کی سفیر کی اہلیہ کو تلاش کرنے کے لیے 7 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پیز) سیف سٹی، انویسٹی گیشن اور آپریشنز سے بریفننگ لی۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا حوالہ دیتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد نے اعلیٰ افسران سے بریفنگ کے بعد ویتنام کے سفیر سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق آئی جی علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد میں مقیم سفرا کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ویتنام کی سفیر کی اہلیہ کو تلاش کرنے کے لیے 7 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون کو ان کے شوہر کے ہمراہ گھر روانہ کر دیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی آپریشنز اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور اہلکاروں کو شاباش دی۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سے ٹیلیفون  پر رابطہ کیا اور  ان کی ٹیم کو ویتنام کے سفیر کی اہلیہ کو فوری بازیاب کرانے پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن