• news

عوام کو جوابدہ، پولیس کرائم کنٹرول کرے، اس میں کالی بھیڑیں بھی ہیں، نوگو ایریا برداشت نہیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا- آئی جی پنجاب نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ 13کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں،پولیس کرائم کنٹرول کرے، حقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جاسکتی۔ پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں۔ صوبے بھر میں کرائم ریٹ کو ہر صورت نیچے لانا ہوگا۔ جرائم زیادہ ہوتو عوام حکومت کی ریفارمز اور ڈویلپمنٹ پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں۔ پولیس کے ساتھ ہوں، فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، یونیفارم پہن کر اظہار یکجہتی کیا۔ پولیس کو پورے وسائل مہیا کررہے ہیں تاکہ کارکردگی میں کمی نہ آئے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے پولیس میں کارکردگی کے تجزیے اور جانچ کا نظام لارہے ہیں۔ بین الصوبائی سمگلنگ روکنے کے لئے 14خصوصی چیک پوسٹ بنائی جا رہی ہیں۔گاڑیاں، آلات، اسلحہ، ٹریننگ اور پولیس کی ہر ڈیمانڈ پوری کر رہے ہیں۔ چیک پوسٹ پر کھڑے ہر پولیس اہلکار کی حفاظت کویقینی بنانا ذمہ داری ہے۔ 10افراد کو ہجوم سے بچانے اور بحفاظت نکالنے پر آئی جی، آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او کو سراہتی ہوں۔ لاہور میں ڈکیتی کے واقعات میں 50فیصد سے زائد کمی خوش آئند ہے۔ تنخواہ لیکر جانے والے مزدوروں کا لٹ جانا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے۔ آر پی او شیخوپورہ کو ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ قربانی کے جانور چھیننے اور چوری ہونے کے واقعات کا سدباب کیا جائے۔ ڈرگز کے سدباب کے لئے مستقل بنیادوں پرایکشن جاری رکھا جائے۔ ہوائی فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے لئے پولیس موثر اقدامات کرے۔ ٹریفک وارڈن کی موجودگی میں روڈ بلاک ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ روڈ پر موٹر بائیک سواروں سے لین کی پابندی کرائی جائے۔ پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کرا دی۔ اب پولیس پرفارم کرے۔ ڈی پی او حضرات اپنے ڈسٹرکٹ کو کرپٹ اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کریں۔ پنجاب کی جیلوں میں ’’بیگر بیرک‘‘ کے قیام کے تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ ڈی جی خان ماڈل پر صوبے بھر میں بجلی چوری کے سدبا ب کے لئے موثر کارروائی کی جائے۔ بجلی چوری ختم ہو  گی تو لوڈشیڈنگ بھی صفر ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے ''والدین کے عالمی دن'' پر پیغام میں کہا والدین کی محبت کو سال کے 365 دن خراج تحسین پیش کیا جانا چاہئے۔ بیٹی اور ماں کی حیثیت سے والدین کے پیار ومحبت اور رہنمائی کی ضرورت کا بخوبی احساس ہے۔ میں تمام والدین کی انتھک کوششوں اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہوں اور شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مریم نواز شریف نے سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداروں کو بھی مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن