پرویزالٰہی کی رہائی میں شجاعت فیملی کا کوئی کردار نہیں: ثمیرہ الٰہی
گجرات ( نامہ نگار)سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ ثمیرہ الٰہی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ،شجاعت حسین اور انکے بیٹوںسالک حسین ، شافع حسین کا رہائی میں کوئی کردار نہیں اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات چل رہی ہے۔ حقیقت میں انہیں عدالتوں سے انصاف ملا ہے، شجاعت حسین کے دونوں بیٹے محسن نقوی کے مہرے ہیں ۔خاندانی لڑائی اور الیکشن عمل میں محسن نقوی کا کردار کلیدی رہا ہے ،چوہدری پرویز الٰہی اسی وجہ سے شجات حسین کے بیٹوں کی شکل تک نہیں دیکھنا چاہتے ،انہوں نے کہا کہ گجرات والوں کا چوری شدہ مینڈیٹ جب تک واپس نہیں کیاجاتا کسی سے مذاکرات یا بات نہیں ہو گی۔ چوہدری پرویز الٰہی کی صحت اب بہترہے وہ عمران خان کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ مصائب ، مشکلات زندگی کا حصہ ہیں وہ گھبرانے والے نہیں۔ شجاعت کے بیٹوں کو اتنی پہنچ نہیں ہو سکتی کہ وہ ڈی پی او بھی اپنی مرضی کا لگوا سکیں۔ شجاعت حسین سے بات کرنے کا نہ کرنیکا فیصلہ چوہدری پرویز الٰہی نے ہی کرنا ہے مونس الٰہی باہر ضرورہیں مگر ان پر بے بنیاد جھوٹے مقدمات درج کیے گئے تمام سیاسی فیصلوں پر سٹینڈ پرویز الٰہی نے لیا۔ مونس الٰہی نے تو صرف سپورٹ کی پی ٹی آئی میں شامل ہونیکا فیصلہ بھی پرویز الٰہی کا ہی تھا۔