بڑھتی آبادی کیلئے پراپرٹی کے نئے منصوبے ضروری ہیں: ذیشان رفیق
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ رئیل سٹیٹ بزنس سے بہت بڑی تعداد میں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ پراپرٹی کے کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ ایکسپو سنٹر لاہور میں جاری پراپرٹی ایکسپو میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کے دوران کہا بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات پوری کرنے کیلئے پراپرٹی کے نئے منصوبے ضروری ہیں۔ پراپرٹی سکیموں کی نمائش سے شہریوں کو بہتر آگاہی اور رہنمائی ملے گی۔ وزیر بلدیات نے نمائش میں لگے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور شہریوں کی رہنمائی کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پراپرٹی ڈیلرز نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو مختلف رہائشی سکیموں پر بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ذیشان رفیق نے کہا وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی حکومت نے کوئی وقت ضائع کئے بغیر بلدیاتی انتخابات کی تیاری پر کام شروع کیا۔ اس ضمن میں وزیراعلی کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے 70، 80 فیصد کام مکمل کرلیا ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں کی اپنی ضروریات ہیں۔ سابق ایکٹ میں یہ تقسیم ختم کر دی گئی جس سے مسائل بڑھے۔ ہم نئے بل میں اس کا خیال رکھیں گے کہ شہری اور دیہی آبادی کو اس کا حق ملے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تحصیل سطح پر صفائی کا نظام آئوٹ سورس کریں گے۔ جس کے بعد صوبہ بھر میں صفائی کا یکساں نظام رائج ہو جائے گا۔