• news

مون سون تیاریوں میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:ایم ڈی واسا 

لاہور(خبرنگار)منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹرز آپریشن، انجینئرنگ اور ریونیو ونگ کے افسران نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد مون سون تیاریوں کا جائزہ لینا اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ایم ڈی غفران احمد نے زور دیا کہ مون سون تیاریوں میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈیسلٹنگ آپریشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس کے شیڈول کے عمل درآمد میں عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے۔اس کے علاوہ تمام ڈرینز اور سیوریج لائنز کی ڈیسلٹنگ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ پلوں کے نیچے سے اور روڈ سائیڈ ڈرینز کی مکمل صفائی کی جائے گی۔مون سون ایمرجنسی کیمپس کا قیام 15 جون تک شہر کے 20 مقامات پر مون سون ایمرجنسی کیمپس قائم کیے جائیں گے جن میں لکشمی چوک، جی پی او چوک، شیرانوالہ گیٹ، کوپر روڈ، قرطبہ چوک، رسول پارک، دبئی چوک، نابھہ روڈ، فردوس مارکیٹ، ایک موریہ پل، چوک ناخدا، بھاٹی گیٹ، ٹکہ چوک جوہر ٹاون، الحمد کالونی، عثمان بلاک، باغیچی سیٹھاں، جناح ہسپتال، بی بلاک تاجپورہ، اللہ ہو چوک اور ایل ایم پی ڈسپوزل شامل ہیں۔تمام ڈائریکٹرز سے ڈیسلٹنگ، ڈسپوزل سٹیشنز اور مشینری کے متعلق رپورٹ طلب کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن