• news

اوورسیز پاکستانیوں کو ارجنٹ پاسپورٹ7، نارمل 30 روز میں جاری کیا جائے: محسن نقوی

اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے پاسپورٹس کا اجرا مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کا دورہ کیا اور سینٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں سے مسائل پوچھے۔ اس موقع وزیر داخلہ محسن نقوی نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔ سینیٹر محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ7 روز جبکہ نارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری کرنے کا حکم دیا۔ حکام کے مطابق اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا۔ اس سے پہلے اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ 45 دن بعد مل رہا تھا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، مقررہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنی پرسنل اسسٹنٹ ایس پی شہر بانو کی زیر نگرانی مانیٹرنگ سیل قائم کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اوورسیز پاکستانی مقررہ مدت میں پاسپورٹ نہ ملنے پر ای میل پر رسید منسلک کر کے شکایت درج کرا complaints.passport@interior.gov.pk سکیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستانی ہائی کمیشن میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تیز تر نظام وضع کیا جائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے ملاقات کی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات پر بات چیت کی۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ آپ نے اوورسیز پاکستانیوں کا دیرینہ مسئلہ حل کر کے دل جیت لیے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ دریں اثناء وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکٹر ایف 8 اسلام آباد میں دو سعودی شہریوں سے لوٹ مار کا نوٹس لے لیا۔ وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کو فون کیا۔ وزیر داخلہ نے واقعے کی تفصیلات لیں اور ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔

ای پیپر-دی نیشن