وفاق ضم اضلاع کے پورے پیسے نہیں دے رہا: گنڈاپور
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے وفاقی حکومت ضم اضلاع کے پورے پیسے ادا نہیں کر رہی۔ پشاور میں وزیراعلیٰ سے ضلع خیبر پی کے عمائدین نے ملاقات کی اور صحت‘ تعلیم‘ لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل پر گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے سابق خاصہ دار فورس کے شہداء کے بچوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا سابق خاصہ داروں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ ضم اضلاع کے لئے بجٹ میں زائد فنڈز مختص کئے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لئے بلاسود قرضوں میں کوٹہ مختص کریں گے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ضم اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ضم اضلاع میں سرمایہ کاری کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کو دعوت دی ہے۔ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ صحت و تعلیم کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اگلے سال بجٹ میں نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے عوام میرا ساتھ دے۔ اس کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہا ہوں اور اٹھاتا رہوں گا۔