• news

ٹویٹ پر سیریس انکوائری جاری، پابندی سے متعلق کابینہ میں بحث نہیں ہوئی: عطا تارڑ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ٹویٹ پر ایف آئی اے کی سیریس انکوائری جاری ہے، پابندی سے متعلق کابینہ میں ڈسکشن نہیں ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے کے کسی بیان کی اجازت نہیں ہونی چاہئے، نوازشریف نے کبھی پاکستان کے خلاف بات نہیں کی، مولانا فضل الرحمان کا بیان ابھی دیکھا نہیں، جائزہ لوں گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کے خلاف بات نہیں کرنی چاہئے، ہم نے کبھی نہیں کہا ہم اقتدار میں نہ رہے تو پاکستان ٹوٹ جائے گا، آزاد گروپ بنا کر سنی اتحاد کونسل والے مخصوص نشستیں نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے لسٹ ہی نہیں دی، سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں کیسے مل سکتی ہیں؟۔ اگلی پیشی میں ہمارے فارم 45 جمع ہوجائیں گے، ہم اپنے کیس کا دفاع بھی کریں گے۔ دریں اثناء عطاء اللہ تارڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمان میں موجود ہے ان سے بات ہو سکتی ہے، ہونی بھی چاہئے۔ ہم نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہم اقتدار میں نہ رہے تو پاکستان ٹوٹ جائے گا۔ نواز شریف نے کبھی پاکستان کے خلاف باتیں نہیں کی۔ معیشت ٹیک آف کر رہی ہے، کسی کو بھی ملک کے خلاف بات نہیں کرنی چاہئے۔ ہر ادارے کو اپنے آئینی دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔ آئین کے اندر طریقہ کار وضع ہے کہ جیت کے تناسب سے مخصوص نشستیں ملیں گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن