وزیراعظم کا کل دورہ چین، اربوں ڈالرز کے 4 منصوبوں کا اعلان ہو گا
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف 4 جون سے 8 جون تک چین کا دورہ کریں گے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کی مصروفیات سے متعلق جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا چینی شہر شینزین کا دورہ 4 اور 5 جون کو ہو گا جبکہ 6 سے 7 جون تک چین کے شہر بیجنگ کا دورہ کریں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف 8 جون کو چین کے شہر ژیان کا دورہ کریں گے اور 8 جون کو چین کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچیں گے۔ وزیرِ اعظم دورہ چین میں حکومتی عہدیداروں بالخصوص چینی صدر سے ملیں گے۔ یہ دورہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں پرامن اور قابلِ عمل ماحول دینے میں کردار ادا کرے گا۔ اعلامیے کے مطابق دورے سے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کا موقع ملے گا۔ وزیرِ اعظم کے دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا۔ وزیر اعظم کا دورہ پاک چین اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ مضبوط کاروباری شراکت داریاں قائم کرنے سے دونوں ممالک کو طویل مدتی فوائد ملیں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے چین کے دورے میں معروف ٹیک کمپنیوں تک رسائی ملے گی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف چین میں بڑے پیمانے پر کاروباری شراکت داری کے خواہاں ہیں۔ دریں اثناء باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ چین پر سی پیک فیز 2 کا اعلان کیا جائے گا۔ جس میں بلین ڈالر کے 4 منصوبے شامل ہیں۔ ان میں پہلے ایگری کلچر دوسرے نمبر پر ایم ایل ون ایل منصوبہ پر کام شروع کرنے کا اعلان ہو گا۔ ایم ایل ون منصوبہ تقریباً 6.7 بلین ڈالر کا منصوبہ ہے۔ تیسرے بزنس ٹو بزنس ڈیل جبکہ نمبر 4 پر قراقرم ہائی وے کی ری الائنمنٹ شامل ہے۔