• news

مریم نواز نے 74 ارب کے لاہور ڈویلپمنٹ منصوبہ فیز ون کی منظوری دیدی، 10  ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہورمیں ترقیاتی امور سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہر زون کی علیحدہ شناخت کے لئے مخصوص کلر استعمال کرنے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے ڈویلپمنٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں لاہو رکے چھ زون کی تعمیرومرمت اور ڈویلپمنٹ کی جائے گی۔لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ فیزون کی تکمیل کے لئے 10ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیزون کی تکمیل کے بعد فیز ٹو میں دیگر زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ پہلے فیز میں راوی، شالیمار، سمن آباد، داتا گنج بخش، نشتر ٹاؤن،گلبرگ اور ریلوے ایریا شامل ہوگا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دوسرے فیز میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ پہلے فیز میں چھ زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی لاگت کا تخمینہ 74 ارب 15 کروڑ روپے ہے۔ پہلے فیز میں شامل چھ زون کی 93لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ ڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام،رابطہ سڑکوں، گلیوں کی پختہ تعمیر، سٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور پارکس کی بحالی بھی ڈویلپمنٹ پلان میں شامل ہیں۔ ہر زون میں سیوریج اور ڈرینج کے پائیدار نظام کے لئے مکمل ڈسپوزل سسٹم قائم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ڈویلپمنٹ پلان کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن