• news

عید گاہ شریف میں 7جون سے عالمی یا رسول اللہ کانفرنس ہو گی ‘پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے )دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے حضور نبی کریم کا درِ دولت اتحاد و اتفاقِ امت کا مرکز ہے اور آپ  کے نامِ نامی پر مسلمانانِ عالم اکھٹے  ہیں۔ ہمارے کریم آقا   عالمین کیلئے رحمت ہیں۔ آ پ کی لائی ہوئی شریعت ِمطہرہ کا دائرہ رحمت کا حصار ہے جس کے تمام احکامات ہماری اپنی فلاح و بہبود کیلئے ہیں۔7،8،9 جون کوانشا اللہ عید گاہ شریف میں نہایت عقیدت و احترام اور محبت کے ساتھ عالمی یا رسول اللہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس کی مرکزی نشست 8جون بروز ہفتہ صبح 10بجے عیدگاہ شریف میں ہو گی جس میں شرکت کے لئے پوری دنیا سے شمعِ رسالت کے پروانے اور وابستگانِ عید گاہ شریف،   جید علمائے کرام، مشائخِ عظام ، نعت خوانانِ عظام، مذہبی سکالر اورتمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات جن میں سفرائے کرام، وفاقی و صوبائی وزراء، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی و دیگر شرکت کریں گے۔پیر محمد نقیب الرحمن نے اسلامیانِ پاکستان کو اس عظیم الشان عالمی یا رسول اللہ کانفرنس کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہمیں چاہئے سب کے سب مل کر اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور محسنِ اعظمِ انسانیت  کے فرمان مبارک کے مطابق کہ تمام مسلمان جسمِ واحد کی مانند ہیں ۔  

ای پیپر-دی نیشن