گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کی بے بنیاد افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر میں باڑ لگانے کے حوالے سے نہ کوئی فیصلہ ہوا ہے اور نہ ہی کوئی اجلاس، یہ محض ایک پروپگینڈا ہے، غلط بیانیے کے ذریعے ریاست اور نوجوانوں میں خلیج پیدا کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذاتی رائے کو زمینی حقائق اور سچائی کے پیمانے سے ناپنا ضروری ہے، دشمن قوتوں کو گوادر اور سی پیک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے اس لیے تو وایلا اور شور مچایا جا رہا ہے۔میر ضیاء لانگو نے کہا کہ گوادر کے حوالے سے جو بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے وہاں کے عوام کی منشاء اور مفاد میں کیے جائیں گے کیونکہ گوادر پر سب سے پہلے گوادر کے لوگوں کی ہی حق ہے۔صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر میں باڑ لگانے کے حوالے سے ریاست کے خلاف عوام کو ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ریاست کے خلاف جھوٹے اور منفی پروپیگنڈا کرکے گوادر کے عوام کو بدظن کیا جا رہا ہے۔