سرگودھا میں مذہبی کشیدگی‘ گرجا گھروں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات‘ دفعہ 144 نافذ
سرگودھا (نمائندہ خصوصی)سرگودھا میں اتوار کے روز گرجا گھروں میں مذہبی عبادات کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ساتھ علاقہ مجاہد کالونی سمیت تمام مسیحی آبادیوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر کے افسران و جوانوں کو تعینات کیا گیا اور ڈی پی او نے سکیورٹی انتظامات کو چیک کرتے ہوئے اہلکاروں کو الرٹ رہ کر ڈیوٹی کرنے کا حکم دیا۔ ذرائع کے مطابق ایک ہزار سے زائد افسران و جوانوں کو تعینات کیا گیا۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سکیورٹی انتظامات کو چیک کرتے ہوئے اہلکاروں کو ڈیوٹی کرنے کا حکم دیا جبکہ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر مسلح دستوں کو ہر قسم کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی پر مامور رکھا گیا تھا۔ حکومت پنجاب وزارت داخلہ نے امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے سرگودھا ضلع میں احتجاج، ریلی، جلوس، مظاہروں، دھرنا پر پابندی عائد کر کے دفعہ 144 نافذ کر دی۔جو فوری طور پر نافذالعمل ہو کر 7 جون تک جاری رہے گا۔