• news

ساہیوال، محلے  دار کی ساتھیوں سمیت بلیک میل  کر کے  لڑکی سے ڈیڑھ ماہ زیادتی، 70 ہزار بٹور لئے

حجرہ شاہ مقیم+ ساہیوال+ کمالیہ+ اسلام آباد+ حافظ آباد (نامہ نگاران+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ) خاتون اور اس کی سترہ سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ محمد افراہیم نے تھانہ حجرہ شاہ مقیم میں مقدمہ درج کراتے بتایا کہ ہمارے محمد نعیم خوشاب کے ساتھ گھریلو تعلقات تھے۔ ایک دوسرے کے گھر آنا جانا تھا، ملزم نے میری بیوی اور میرے سترہ سالہ بیٹی کو بلیک میل کرتے ہوئے دونوں کے ساتھ زیادتی کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق (س) ڈیڑھ ماہ قبل گھر سے پیدل نانی کے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار محلے دار بلال نے لفٹ دیکر ساتھ بٹھا لیا اور نامعلوم مکان پر لے جا کر حمزہ کے ہمراہ گن پوائنٹ پر زبردستی زیادتی کی اور ویڈیو بھی بنا لی۔ بعد ازاں بلیک میل کرتے ہوئے بلال، حمزہ، موٹا اور عثمان نے ویڈیو فیس بک پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دے کر بار بار زیادتی کی اور بلال نے وقفہ وقفہ سے 70ہزار روپے بھی بٹورے۔ پولیس تھانہ یوسف والا نے بلال وغیرہ 4 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق ایک شخص عبدالرزاق نے تھانہ بھسی میں درخواست دی کہ محمد وقاص نے دیگر 6 ملزموں کے ساتھ مل کر اس کی ہمشیرہ کو اغوا کر لیا اور اس سے زیادتی کی جس پر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اسلام آباد کے محلہ اکال گڑھ میں کرائے کا مکان دیکھنے آئی چار بچوں کی ماں کو مالک مکان نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ شور مچانے پر خاتون کے سر کے بال کاٹ دئیے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ تھانہ گنج منڈی پولیس نے بتایا کہ مالک مکان شفاقت علی نے مکان دکھانے کے بہانے دوسری منزل پر لے جا کر خاتون کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ حافظ آباد میں بااثر اوباش شخص نے شادی شدہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ (ث)گھر میں اکیلی تھی کہ رات کے وقت فیض احمد اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گھر آیا، دو ملزموں نے اسلحہ تان لیا جبکہ ملزم فیض احمد نے خاتون سے زیادتی کی۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن