سری لنکا میں سیلاب سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد سمیت 14 افراد ہلاک، سکول بند
کولمبو(آئی ا ین پی ) سری لنکا میں مون سون کے دوران طوفانی بارشوں، مٹی کے تودے اور درخت گرنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اتوار کو دارالحکومت کولمبو کے قریب ایک ہی خاندان کے 3 افراد سمیت متعدد لوگ ڈوب گئے تھے۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ سینٹر (ڈی ایم سی ) نے بتایا کہ کئی لوگ مٹی کے تودے میں زندہ دب گئے، جن میں ایک 11 سالہ لڑکی اور ایک 20 سالہ نوجوان بھی شامل ہے، ڈی ایم سی نے کہا کہ 21 مئی کو مون سون کی شدت میں اضافے کے بعد سے 7 اضلاع میں درخت گرنے سے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ سینٹر کے مطابق ملک کے 25 میں سے 20 اضلاع موسلا دھار بارش سے متاثر ہوئے ہیں اور اہم ندیوں کے کنارے رہنے والے لوگوں کو اونچے مقامات پر منتقل ہونے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ کولمبو کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے والی پروازوں کا رخ ایک چھوٹے ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا ہے اور کئی اہم شاہراہوں پر پانی بھر گیا ہے۔ حکومت نے ہفتے کے آخر میں تعطیل کے بعد پیر کو بھی تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے، کیونکہ مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈی ایم سی نے کہا ہے کہ تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ مزید تیز بارش ہو سکتی ہے۔