• news

انسداد پولیو مہم شروع‘ چمن میں قطرے پلانے والی ٹیم پر حملہ‘ 4 لیویز اہلکار زخمی

 اسلام آباد + چمن (این این آئی) پولیو سے بچاؤ کی 5 روزہ مہم ملک بھر میں شروع ہو گئی ہے جس میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 65 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو مہم ملک کے 36 اضلاع میں مکمل طور پر جبکہ 30 اضلاع میں جزوی طور پر جاری رہے گی، جس میں اسلام آباد، خیبر پی کے 23، بلوچستان کے 20، سندھ کے 16 اور پنجاب کے 6 اضلاع شامل ہیں۔ دریں اثناء بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں دھرنا کمیٹی کے ڈنڈا بردار افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں4 لیویز اہلکار زخمی ہو گئے۔ ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور انسداد پولیو مہم کی ٹیم سے ویکسین چھیننے کی کوشش کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر چمن راجا اطہر عباس نے بتایا کہ دھرنا کمیٹی کے ڈنڈا بردار افراد نے پولیو کی ٹیم پر حملہ کیا اور کلی محمد حسن ٹھیکیدار، کلی میرالزئی اور کلی حاجی باقی جان میں زبردستی مہم کو بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن