پاکستان ‘افغانستان کا عارضی داخلہ دستاویز طریقہ کار نافذ کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور افغانستان کی وزارت تجارت نے عارضی داخلہ دستاویز(ٹی اے ڈی )کے طریقہ کار کو نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں استعمال ہونے والی کارگو گاڑیوں کی نقل و حرکت کو منظم کیا جا سکے۔ پیر کو وزارت تجارت کے مطابق افغانستان رجسٹرڈ گاڑیوں کے لیے عارضی داخلہ دستاویز کے لیے درخواستیں پاکستان ایمبیسی کابل اور پاکستان قونصلیٹ، قندھار کی ونڈو نمبر 5 پر روزانہ 11سے 12 بجے جمع کی جائیں گی۔پاکستانی رجسٹرڈ گاڑیوں سے ٹی اے ڈی کے لیے درخواستیں تمام کام کے دنوں میں افغانستان قونصلیٹ جنرلز، کوئٹہ اور پشاور میں 10 سے 11 بجے تک جمع کی جائیں گی۔دونوں فریقوں نے سفارت خانے/ قونصل خانوں اور ویب سائٹس پر درخواست فارم کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے جو مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد پانچ دنوں کے اندر عارضی داخلہ دستاویز جاری کیا جائے گااور گاڑی، ڈرائیور اور کلینر کے لیے علیحدہ عارضی داخلے کی دستاویز جاری کی جائے گی۔ فیس صرف گاڑی کا عارضی داخلہ دستاویز جاری کرنے کے لیے وصول کی جائے گی۔ تاہم اس گاڑی کے ڈرائیوروں اور کلینر کے لیے ٹی اے ڈی پاس مفت ہوگا۔ عارضی داخلے کی دستاویز ایک وقت میں ایک گاڑی کے لیے اور صرف اس کیریئر کے لیے درست ہوگی جسے یہ جاری کیا گیا ہو۔یہ دوسرے کیریئرز کو منتقلی کے قابل نہیں ہوگا۔ ۔