بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائو ن تیز ، چیف منسٹر ہمت کارڈ کی منظوری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نوازشریف نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیا ہے اور بجلی چوری سے متعلق مزید مستند ڈیٹا پر مبنی جامع رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں بجلی چوری سے متعلق امور اور کارروائی کا جائزہ لیا گیا۔ لیسکو سمیت پانچ بجلی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر ضلع میں 660 پولیس اہلکار بجلی چوروں کے خلاف مہم میں معاونت کررہے ہیں۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے سائیکلنگ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ماحول دوست اور صحت مند نقل و حرکت کے طریقے کے طور پر سائیکلنگ کی اہمیت کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ سائیکلنگ نہ صرف ہمارے کاربن فْٹ پرنٹ کو کم کرتی ہے بلکہ جسمانی اور ذہنی طور پر تندرست رکھتی ہے۔ جہاں تک ممکن ہو نقل و حرکت کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ اور سائیکل کے استعمال کا کلچر اپنایا جائے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے چیف منسٹر ہمت کارڈ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ پہلے فیز میں سپیشل افراد کو تین سال کے لئے ماہانہ وظائف دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے سپیشل افراد کا وظیفہ چھ ہزار سے ساڑھے 7 ہزار روپے کر دیا ہے۔ تقریباً 30ہزار سپیشل افراد کو تین سال تک ماہانہ ساڑھے 7 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے وہیل چیئر کے لئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ ضرورت مند افراد وزیر اعلیٰ آفس کی ہیلپ لائن 0800-02345 پر وہیل چیئر کے لئے رجوع کر سکتے ہیں۔ مریم نوازشریف نے خصوصی اجلاس میں چیف منسٹر ہمت کارڈ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپیشل افراد کو دوسرے مرحلے میں 14قسم کے معاون آلات بھی دیئے جائیں گے۔ سپیشل افراد کی زندگی سہل بنانے کے لئے وہیل چیئر، ہیرنگ ایڈ، ٹرائی سائیکل، بریل اور دیگر آلات مہیا کیے جائیں گے۔ سپیشل افراد کو مرحلہ وار سبسڈائز پبلک ٹرانسپورٹ سہولت اور لون بھی دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سپیشل افراد ہمارے لئے بہت اہم ہیں، ہر ممکن معاونت کریں گے۔