• news

وفاقی بجٹ میں ہمارے حق پر ڈاکہ ماراتو اسلام آباد  کی طرف مارچ کرینگے :وزیراعلی خیبرپی کے

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاق کا بجٹ آرہا ہے اس میں ہمارے حق پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے تو ہم اسلام اباد کی طرف مارچ کریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے عوام پاکستان بننے سے اب تک قربانی دے رہے ہیں، کیوں ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر ہمیں فوراً سے پہلے ان کے پیسے نہ ملے تو پھر ردعمل کے لئے تیار رہیں، دہشت گردی کے خلاف ایک روپیہ نہیں دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ احتجاج میں ہمارے ساتھ فاٹا کے عوام بھی ہوں گے، ہم ہیلتھ کارڈ کو بڑھا کر 20 لاکھ روپے تک لے کر جائیں گے۔ فیڈرل بجٹ کے بعد اس میں کمی نہیں آئے گی بلکہ زیادہ ہو گا۔ پچھلے سال 90 ارب ملنے تھے جو صرف 60 ارب ملے ہیں، جب پیسے مانگتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ان کا رویہ صحیح نہیں، کرائے کے معاہدے کر کے ملک کو اس حال تک پہنچا دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے نے مزید کہا کہ پولیس کو 7 ارب روپے دیئے ہیں، مزید دیں گے، جو لوگ میرے صوبے کے لوگوں کو منشیات کے ذریعے مار رہے ہیں ان کے خلاف سزائے موت کا قانون پاس کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایسے کیسز بنائے گئے جن کا نہ سر ہے نہ پیر۔ ہم نے لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اس لئے پندرہ ارب رکھے گئے ہیں، ایک لاکھ لوگوں کو روزگار دیا جائے گا، اب ہم سولرائزیشن کی طرف جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کو سولر پر ڈالا جائے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 156 سے 162 ایسے فیڈرز ہیں جہاں 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی جائے گی جس میں شہداء کی بیواؤں کو پانچ پانچ مرلے کے پلاٹ دیئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن