جج کی درخواست منظور، عدت میں نکاح کیس دوسری عدالت منتقل
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) بانی پی ٹی آئی کی دوران عدت نکاح کیس میں سڑزا کے خلاف اپیل کا کیس دوسری عدالت میں منتقل کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کیس ٹرانسفر کرنے کے لئے چیف جسٹس اسلام آ باد ہائیکورٹ کو خط لکھا تھا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس دوسری عدالت کو ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کر لی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت کو ٹرانسفر کردیا ، جس کے بعد دورانِ عدت نکاح کیس کے خلاف عمران خان کی اپیل پر سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر کیس کے فریق خاور مانیکا نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند پر اعتراض کرتے ہوئے عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد جج کی جانب سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو کیس ٹرانسفر کرنے کے لیے خط لکھا گیا تھا۔