پاک فوج ہر مشکل میں عوام کیساتھ‘ریسکیو ٹیموں کو خراج تحسین: خواجہ سلمان رفیق
لاہور،گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب و چیئرمین کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤس میں امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا اور پاک آرمی کے کمانڈرودیگر افسرموجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا پاکستانی فوج ہر مشکل حالات میں عوام کیساتھ کھڑی ہے۔ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنیوالی ریسکیو ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مریضوں کو گھروں سے ہسپتالوں میں شفٹ کرنا بہت بڑا کار خیر ہے۔علاوہ ازیں خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کے چھٹے اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی بطور کمیٹی ممبر شریک ہوئے۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال، عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات و دیگر امور کاجائزہ لیاگیا جبکہ مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لگانے ‘3 قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے اورعیدالاضحی پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنیوالی کالعدم تنظیموں کیخلاف ایکشن کی منظوری بھی دی گئی۔ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کے دورہ پر صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ایم ایس ڈاکٹر ارشاد اللہ گورائیہ نے بتایا کہ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کے 5شعبہ جات فنکشنل ہوچکے ہیں دیگر بھی 30 جون سے پہلے فنکشنل کر دیئے جائیں گے۔سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال میں داخل بچوں کے لواحقین سے سہولتوں بارے استفسار کیا۔