حاملہ خواتین، بچوں کی بہتر صحت کیلئے بینظیر نشوونما پروگرام شروع
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ کاکہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی بہتر صحت کے لیے بینظیر نشوونما پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی بہتر صحت کے لیے انہیں مفت خوراک اور فوڈ سپلیمنٹ فراہم کیے جا رہے ہیںحکومت کی جانب سے ان کیلئے خصوصی وظیفہ بھی لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بینظیر نشوونما پروگرام کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اجلاس کے موقع پر کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایسی حاملہ خواتین اور انکے اٹھارہ ماہ سے کم عمر بچوں کو بینظیر نشوو نما پروگرام کے تحت خصوصی خوراک اور فوڈ سپلیمنٹ فراہم کیے جارہے ہیں۔اس سلسلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایک خصوصی سیل بھی بنا دیا گیا ہے۔ بچوںکی دو سال کی عمر تک حاملہ خواتین کو ہر تین ماہ بعد 2500روپے ،انکے نوزائیدہ بچے کیلئے 2500اور بچی کیلئے 3000روپے کا وظیفہ بھی مقرر کیا گیا ہے ۔ انکاکہنا تھا کہ بینظیر نشوو نما پروگرام کا مقصد حاملہ خواتین اور انکے بچوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے انہیں تندرست اور صحت مند بنا نا ہے ۔