قصور:ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر چیچڑ مار سپرے کیلئے ویٹرنری کیمپس قائم
قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر محکمہ لائیو سٹاک نے عیدالاضحی کے سلسلہ میں ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر چیچڑ مار سپرے کیلئے ویٹرنری کیمپس قائم کر دیئے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک قصور ڈاکٹر عباس چوہدری اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عدیل سیال نے ویٹرنری کیمپس کا معائنہ کیا اور تمام سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیچڑ مار سپرے کیلئے ویٹرنری کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ 24گھنٹے قربانی کے جانوروں کو کانگو وائرس، چیچڑ وں اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے سپرے کریگا۔ ویٹرنری کیمپس میں ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں یہ کیمپس عیدالاضحی کے تیسرے روز تک جاری رہینگے ۔