لاکھوں کی وارداتیں‘ کئی فیملیز کو یرغمال بنا کر ڈاکوؤں کی لوٹ مار
لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے درجنوں وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے گلشن اقبال کے علاقے میں کامران اور اس کی فیملی کو یرغمال بنا کر ساڑھے 5 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیوارات میں اور موبائل فون،سمن آباد کے علاقے میں فرید اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیوارات اور موبائل فون،ساندہ کے علاقے میں شہزاد جسے 3 لاکھ 5ہزار روپے اور موبائل فون، سبزہ زار کے علاقے میں نعمان سے 70ہزار روپے اور موبائل فون، رائے ونڈ کے علاقے میں زاہد سے 55ہزار روپے اور موبائل فون، ہربنس پورہ کے علاقے میں علی سے40 ہزار روپے اور موبائل فون، گلبرگ کے علاقے میں نذیر سے 35ہزار روپے اور موبائل فون، قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں عمر حیات سے 15ہزار روپے اور موبائل فون، مانگا منڈی کے علاقے میں فرقان سے 9 ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا۔ نواب ٹاؤن کے علاقے میں عدیل کی دکان کے تالے توڑ کر4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور سامان‘ گلبرگ ،فیصل ٹاون اور ڈیفنس کے علاقوں میں سے تین گاڑیاں، لٹن روڈ کے علاقے میں سے رکشہ جبکہ سبزہ زار، داتا دربار، نولکھا، راوی روڈ، مانگا منڈی، گجرپورہ، ساندہ اور مصری شاہ کے علاقوں میں سے آٹھ موٹر سائیکلیں چور لے گئے۔