توہین مذہب کے معاملے پر قانون ہاتھ میں لینا غیرشرعی، غیرقانونی ہے: طاہر اشرفی
اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ توہین مذہب یا توہین رسالت کے معاملے پر قانون ہاتھ میں لینا غیرشرعی اور غیرقانونی ہے۔ایک بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل سرگودھا میں نذیر مسیح کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتی ہے۔حافظ طاہراشرفی نے کہا کہ توہین مذہب و رسالت کے معاملے کا فیصلہ عدالت کو کرنا ہے، گروہ یا فرد کو نہیں۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا واقعے کے مجرمان کے خلاف اسپیڈی ٹرائل ہونا چاہیے، پاکستان میں رہنے والے غیرمسلموں کا تحفظ ریاست اور مسلمانوں کی ذمے داری ہے۔واضح رہے کہ سرگودھا کے علاقے مجاہد کالونی میں توہین مذہب کے الزام میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والا مسیحی چل بسا۔