• news

محسن نقوی سے ملاقات، کوشش ہو گی جلد پاکستان کا دورہ کروں، پوپ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس سے ملاقات کی جس میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی جس پر پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ  پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان کا جلد دورہ کروں۔ محسن نقوی دورہ یورپ کے دوران اٹلی پہنچے جہاں پر انہوں نے ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسس سے ملاقات کی۔ محسن نقوی کا ویٹیکن سٹی آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعدگرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا۔ پوپ فرانسس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے لئے میرا پیغام امن کا ہے، ہم سب کو مل کر امن کے لئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے۔ پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان کا جلد دورہ کروں۔ پوپ فرانسس نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال باعث تشویش ہے اور میں روزانہ رات 7 بجے فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف ورکرز سے بات کر کے اپ ڈیٹ لیتا ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔  محسن نقوی نے فلسطین ایشو پر مؤثر موقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے پوپ فرانسس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن