• news

وزیراعظم کا دورہ چین، بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بجٹ کی منظوری کے مختلف مراحل میں تاخیر کے باعث وفاقی بجٹ کے اعلان کی تاریخ کو مزید آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اب بدھ 12 جون کو پیش کیا جائے گا، بجٹ کی منظوری کے ایک اہم فورم قومی اقتصادی کونسل کی ابھی تک تشکیل نہیں ہو سکی ہے۔ وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو ہوگی، قومی اقتصادی کونسل کے ممبران میں وزیراعظم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر اعلی گلگت، و فاقی وزیر خزانہ، صوبوں کے وزیر خزانہ، اور متعدد وفاقی وزرا شامل ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم کی وطن واپسی کے بعد این ای سی کا اجلاس بلایا جائے گا، اقتصادی کو نسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف  مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ رواں مالی سال کے معاشی اہداف کو بھی منظور کیا جائے گا۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے پی ایس ڈی پی اور سالانہ ترقیاتی منصوبے کی منظوری دی جائے گی۔  قومی اقتصادی سروے بھی جاری ہونا ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے 12 جون کو بجٹ پیش کرنے کی تصدیق کی ہے، جبکہ 10 جون کو قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہو گا اور 11 جون کو اقتصادی سروے  جاری کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن