صحت مند قوم کی تعمیر کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا:خواجہ عمران نذیر
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صحت مند قوم کی تعمیر کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صحت مند پنجاب، خوشحال پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز کا خواب ہے۔ہمارے 29 فیصد بچے نشوونما میں کمی اور 46 فیصد بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔صاف اور خالص دودھ ایک مکمل غذا ہے جو بچوں کی نشوونما میں معاون ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے دودھ کے عالمی دن کے حوالہ سے پاکستان ڈیری سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمٹ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یسین، ڈیری سیکٹر، ایکیڈیمیا، بیوروکریسی سمیت دیگر شعبوں سے منسلک افراد نے شرکت کی۔ سمٹ کا مقصد دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے چاروں صوبے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت اور خوراک کے شعبوں ملکر کام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ اور خوراک کے محکمے بچوں کیلئے صحت مند غذا سے متعلق والدین کو آگہی دینگے۔انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات اور ملاوٹ شدہ دودھ، خوراک سے نجات کیلئے مل کر جہاد کرنا ہوگا۔