عید قربان پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کی مشاورت جاری
لاہور(خبرنگار)عید قرباں پرشہر بھر سے آلائشوں کوبروقت ٹھکانے لگانے اور تعفن سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے اداروں سے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر ایل ڈبلیو ایم سی ہیڈ آفس میں ڈپٹی سی ای او آپریشن محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارات اہم کوآرڈی نیشن اجلاس منعقد ہوا جس میں کنٹونمنٹ بورڈز اور ریلوے افسران نے شرکت کی۔عیدالاضحیٰ پر لاہوریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی، کنٹونمنٹ بورڈز، اور ریلوے انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔کنٹونمنٹ بورڈز اور ریلوے انتظامیہ عید کے دن ایل ڈبلیو ایم سی کے قائم کردہ قریبی عارضی کولیکشن پوائنٹس استعمال کر سکیں گے۔کنٹونمنٹ بورڈز اور ریلوے انتظامیہ اپنے علاقوں میں آلائشوں سے متعلقہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں گے۔