اپٹما کا حکومت سے بجلی نرخ،شرح سود میں کمی‘انڈسٹری کیلئے زیرو ریٹنگ بحالی کا مطالبہ
لاہور (کامرس رپورٹر ) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے مرکزی چیئرمین آصف انعام نے لاہور آفس میں پریس کانفرنس کے دوران حکومت سے بجلی کے نرخوں میں 9 سینٹ فی کلو واٹ فی گھنٹہ تک کمی، شرح سود کو 12 فیصد تک لانے اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے زیرو ریٹنگ بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپٹما نارتھ کے چیئرمین کامران ارشد، سینئر وائس چیئرمین اسد شفیع اور سیکرٹری جنرل نارتھ محمد رضا باقر بھی موجود تھے۔ آصف انعام نے کہا انڈسٹری کراس سبسڈیز کی مد میں 240 بلین روپے اور پھنسے ہوئے لاگت میں 150 بلین روپے ادا کر رہی ہے۔ 9 سینٹس فی کلو واٹ فی گھنٹہ پر بجلی فراہمی سے گرڈ کی اضافی طلب میں 300 میگا واٹ سے زیادہ بجلی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا مہنگائی کم ہو کر 11.8 فیصد ہو گئی ہے 22فیصد شرح سود بلاجواز ہے، شرح سود میں کمی کر کے حکومت سود کی ادائیگیوں میں 3 کھرب روپے کی بچت کر سکتی ہے۔ زیرو ریٹنگ کے مطالبے پر انہوں نے سوال کیا کہ حکومت صنعتی سیلز ٹیکس ریفنڈ کے 300 ارب روپے کے فلوٹ کو کیوں روک رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کو 250 ارب روپے سے زائد کی صلاحیت کے ساتھ ریٹیل مرحلے پر سیلز ٹیکس جمع کرنے کی تجویز دی۔