ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: پاکستان ، امریکہ کل مدمقابل، خواہش ہے ٹیم پھر عالمی چیمپئن بنے: سابق کرکٹرز
لاہور(سپورٹس رپورٹر )عالمی ٹی 20 کرکٹ کپ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز کل سے کریگا۔پاکستان کا پہلا میچ میزبان امریکہ کیساتھ کل جمعرات کو شام ساڑھے آٹھ بجے ڈیلاس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائیگا۔یہ میچ دن کی روشنی میں کھیلا جائیگا اور اس وقت امریکہ میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بج رہے ہوں گے۔بابراعظم پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بھارت آج اپنا پہلا میچ آئر لینڈ کیخلاف کھیلے گا ۔یہ میچ آج پاکستان کے وقت مطابق شام ساڑھے سات بجے نیویارک کے سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔2009ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے کھلاڑی اس تاریخی جیت کے ایک ایک لمحے کو آج بھی محسوس کرتے ہیں، پاکستان ٹیم کیلئے بھی نیک خواہشات رکھے ہوئے ہیں کہ بابراعظم اور ساتھی کھلاڑی پندرہ سال پہلے کی جیت کو دوہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ ٹیم فاتح بن سکتی ہے۔ پاکستان نے یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009 کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ اس مختصر فارمیٹ کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔شاہد آفریدی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 میں حصہ لینے والی پاکستان ٹیم کے بارے میں کہا کہ یہ ٹیم فائنل کھیل سکتی ہے، ویسٹ انڈیز کی وکٹیں پاکستانی بائولرز کو سوٹ کرتی ہیں،ٹیم کی بائولنگ اور بیٹنگ اچھی ہے تاہم آپ کو فیلڈنگ میچ جتوائے گی،سینئر کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ سب مل کر کپتان بابراعظم کو سپورٹ کریں، بابراعظم کو بھی چاہیے کو بہ بلاخوف و خطر فیصلے کریں۔مصباح الحق نے موجودہ ٹیم کے بارے میں کہا کہ اسے خود پر یقین رکھنا ہوگا کیونکہ یہ ایک متوازن ٹیم ہے جسے ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز میں دوسری ٹیموں پر برتری حاصل ہے۔ یہ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔سعید اجمل نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت کر آئے۔شعیب ملک کے مطابق 2009 کی جیت اس لیے اہمیت رکھتی تھی کہ اس نے دو سال پہلے کی ناکامی کی تلافی کردی،ان کے لیے سب سے یادگار لمحہ وہ تھا ۔شعیب ملک نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے امکانات روشن ہیں۔عبدالرزاق کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009 کی جیت نے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب کیے۔ موجودہ ٹیم کے بارے میں کہا کہ اسے کسی بھی مرحلے پر ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور ایک ہوکر کھیلنا چاہیے۔انہیں امید ہے کہ پاکستان پندرہ سال بعد دوبارہ ٹی ٹونٹی کا عالمی چیمپئن بنے گا۔