• news

پلاسٹک بیگز کے استعمال، فروخت، بنانے پر، پابندی، مریم نواز کی عافیت میں مقیم 10 خواتین کو حج پر بھیجنے سے قبل ملاقات

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے چیلنج ہے۔ اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔ عوام کرہ ارض کی حفاظت کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ماحولیاتی تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پلاسٹک بیگز کے استعمال، پروڈکشن، فروخت اور تجارت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پلاسٹک کے استعمال سے ماحول اور انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ’’نو ٹو پلاسٹک‘‘ مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا اور ماحول دوست اقدامات کا فروغ  ہے۔ پلاسٹک بیگز پر پابندی کی پالیسی کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ ہوٹلوں، ریستورانوں اور کھانے پینے کی جگہوں پر پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ پلاسٹک بیگ کی جگہ ماحول دوست متبادل جیسے کاٹن بیگ کو استعمال میں لایا جائے۔ دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر معروف پنجابی شاعر تجمل کلیم کے علاج کیلئے 3لاکھ روپے کی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں  مریم نوازشریف نے عافیت (دارالامان)  میں مقیم 10خواتین کو حج پر بھیجنے سے پہلے ملاقات کی۔  نوازشریف بھی بزرگ خواتین کی خواہش پر ملنے کے لئے آگئے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ بزرگ خواتین ہماری ماؤں جیسی ہیں، ان کا بہت خیال رکھا جائے اور انہیں کوئی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے لئے بہت سے دعائیں کرنی ہیں، اللہ تعالیٰ وطن عزیز کی خیر کرے۔ مزدور کو معاشی طور پر اوپر اٹھائیں گے، غریب کا اچھا وقت آگیا ہے۔ ہماری حکومت میں خلل نہ آتا تو غربت اور بے روزگاری ختم ہوجاتی۔  بزرگ خواتین نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ملاقات پر اظہار تشکر کیا اور بہت سی دعائیں دیں۔ بزرگ خاتون زینت بی بی آبدیدہ ہوگئیں، کہا کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ حج پر جا سکوں گی۔ زینت بی بی نے میاں محمد بخش کا شعر سنایا ’’میں گلیاں دا روڑا کوڑا…… محل چڑھایا سائیاں‘‘۔ عابدہ سراج نے کہا کہ اللہ ہر ماں کو مریم نوازشریف جیسی بیٹی دے۔ دریں اثناء  مریم نوازشریف سے تھیلیسیمیا کے مریض بچے محمد رضوان نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے محمد رضوان کو پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے محمد رضوان کی اپنے گھر کی خواہش پوری کرنے کا وعدہ کیا۔ محمد رضوان نے کہا کہ یقین نہیں آ رہا وزیراعلیٰ سے مل رہا ہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن