• news

یو اے ای سے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور ہونے کا امکان، اے ڈی بی سے 25 کروڑ ڈالر منظور

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔ اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کو ملنے والا قرض نجی شراکت داری کے ذریعے بنیادی ڈھانچے اور خدمات میں سرمایہ کاری کیلئے ہے۔ اے ڈی بی نے کہا کہ پروگرام نجی شراکت داری کے ذریعے حکومتی پالیسیوں کے نفاذ میں معاون ہے جبکہ یہ پروگرام ہمارے پبلک سیکٹر مینجمنٹ سپورٹ کے جامع اور مربوط پیکج کا حصہ ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کو اس کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی حکومت پاکستان کی اصلاحات میں معاونت کررہا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک معاشی ترقی کے لیے حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے سرکاری مینجمنٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ علاوہ ا زیں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کا مزید ایک ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور ہونے کا امکان ہے جبکہ دو ارب ڈالر کا قرضہ جنوری میں پہلے ہی ایک سال کے لیے رول اوور ہوچکا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو ڈیپازٹس کی مد میں تین ارب ڈالر دیے ہیں جن میں سے اب صرف ایک ارب ڈالر رول اوور ہونا باقی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف دورہ چین سے واپسی پر متحدہ عرب امارات کے صدر کو خط لکھ کر ایک ارب ڈالر کے ڈیپازٹس رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔ وزارت خزانہ نے اس حوالے سے اپنا کام مکمل کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک ارب ڈالر کا ڈیپازٹ میچورٹی سے قبل رول اوور ہونے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن