ٹی 20ورلڈ کپ ‘پاکستان ٹیم کا پریکٹس سیشن ‘امریکہ سے مقابلہ آج
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں میزبان امریکہ کیخلاف میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز دو حصوں میں ٹریننگ سیشن کیا۔ڈیلاس میں اس دوران بیٹرز نے صبح گیارہ سے دو بجے تک انڈور پریکٹس کی جبکہ دوپہر میں قومی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ اور بائولنگ پریکٹس کی۔گرینڈ پرارئیری سٹیڈیم پر نیدرلینڈز اور نیپال کے میچ کی وجہ سے مین سٹیڈیم پر پریکٹس پچ تیار نہیں ہوسکی تھی۔قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے باؤنڈریز پر اونچے کیچز کی بھی بھرپور پریکٹس کی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلا میچ آج امریکہ کیخلاف کھیلے گا ۔ ڈیلاس میں میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے ہوگا جس کے بعد9جون کو نیو یارک میں پاکستان روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگا۔11جون کو نیویارک ہی میں اس کا تیسرا میچ کینیڈا سے ہوگا جبکہ 16جون کو وہ فلوریڈا میں آئرلینڈ کیخلاف گروپ اے میں اپنا آخری میچ کھیلے گا۔قومی ٹیم کے آل رائونڈر عماد وسیم سائیڈ سٹرین کا شکار ہوکر ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے آئوٹ ہوگئے۔کپتان بابر اعظم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عماد وسیم پہلا میچ نہیں کھیلیں گے مگر بقیہ میچز کیلئے پر امید ہیں۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 کے آٹھویں میچ میں بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ بھارتی ٹیم نے 97 رنز کا ہدف 2 وکٹوں پر 13ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آئرلینڈ کے ابتدائی 8 کھلاڑی 50 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ ٹیم 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ گریتھ ڈیلانینے 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کرٹس کیمفر نے 12 اور لورکن ٹکر نے 10 رنز بنائے جبکہ انکے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ ہاردیک پانڈیا نے 3 وکٹیں لیں۔ ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمرا نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل اور محمد سراج نے ایک ایک آؤٹ کیا۔ بھارت کے ویرات کوہلی ایک رن کے مہمان ٹھہرے لیکن روہت شرما نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ 76 کے مجموعے پر روہت شرما ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔سوریا کمار یادیو 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ریشبھ پنت نے ناقابل شکست 36 رنز بنا ئے۔ بین وائٹ اور مارک اڈائر ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ جسپریت بمرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔