• news

آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کا پریس کلب کے باہر احتجاج، ریلی، یوم مطالبات منایا 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محنت کشوں نے ملک بھر میں آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ  یو نینز  (رجسٹرڈ) کے زیراہتمام یوم مطالبات منایا۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے بھاری تعداد میں محنت کشوں نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔ کارکنوں نے قومی پرچم اور  بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پاکستان زندہ باد، مزدور اتحاد زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ ریلی میں محنت کشوں نے ایک قرارداد کے ذریعے وزیراعظم پاکستان اور صوبائی وزراء اعلٰی صاحبان سے پْرزور مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کمر توڑ مہنگائی کے پیش نظر محنت کشوںکی تنخواہوں اور پنشنوں میں بجٹ میں کم ازکم پچاس فیصد اضافہ کریں۔ قومی اداروں بجلی، NTDC، ریلوے، گیس، پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کی بجائے ان کی کارکردگی میں اضافہ کرایا جائے، کارکنوں کو کام پر غیر محفوظ حالات کار ختم کرا کر اْن کی جان وصحت کی حفاظت کی جائے۔ اجلاس میںگزشتہ روز بلوچستان میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے کی بنا پر گیارہ محنت کش شہید ہوگئے۔ حکومت سے پْرزور مطالبہ کیا  گیا کہ مائینز ورکرز کی سیفٹی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی اقدام کیے جائیں۔ ریلی کو خورشید احمد جنرل سیکرٹری دیگر نمائندگان فیڈریشن بمعہ اکبر علی خان، اْسامہ طارق، حسن منیر بھٹی، صلاح الدین ایوبی، ارشدگجر، جاوید اقبال خان، مسرت شفیع، تسنیم اختر، حاجی یونس، مظفر متین، شفقت جاوید، نوشیرخان نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن